بجلی کے کھمبوں کے ساتھ لگائے گئے کیبلز اتارنے کی ہدایت

January 19, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ایڈمنسٹریٹر کراچی،مشیر قانون و ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے متعلقہ محکمے نے بلوچ کالونی برج کے پولز پر لگائے گئے کیبلز اتاردیئے، ایڈمنسٹریٹر نے کہا ہے کہ شہر کی سڑکوں اور شاہراہوں پر بے ہنگم اور کھمبوں پر لٹکے ہوئے کیبلز شہر کی خوبصورتی کو متاثر کرتے ہیں اور ان کی وجہ سے متعدد مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہٰذا شہر میں جہاں بھی سڑکوں اور پلوں پر بجلی کے کھمبوں کے ساتھ اس قسم کے کیبلز لگائے گئے ہیں انہیں اتار دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ کیبل آپریٹرز کے حوالے سے مقررہ قوانین پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا تاہم کسی کو بھی خلاف قانون کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ دریں اثنا ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری ہے، اورنگی ٹاؤن میں شاہراہ قذافی اور قبرستان کی زمین پر قبضے کے خلاف بڑی کارروائی کی گئی ہے۔