مونال کی بندش کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

January 19, 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے مونال کی بندش کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے، گزشتہ روز جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بنچ نے اپیل کی سماعت کی تو مونال گروپ کی جانب سے سردار تیمور اسلم ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ مونال کو باقاعدہ میرٹ پر ضابطہ کار کے مطابق 15 سال کی لیز ملی ، طے پایا تھا کہ لیز مزید پندرہ سال کیلئے بڑھا دی جائیگی ، 2019 میں پہلی لیز ختم ہونے کے بعد بھی کرایہ ادا کرتے رہے ، جگہ کا تنازع دو اداروں کے درمیان تھا ، ملٹری نے زمین پر دعویٰ کیا تو انہیں بھی رینٹ ادا کیا ، 1910 کا حوالہ دیکر پنجاب کی زمین پر دعویٰ کیا گیا تھا، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ کیا پھر کیپٹل کو واپس پنجاب کے حوالے کر دیں؟ ایسا کرتے ہیں 1910 کا سٹیٹس بحال کرتے ہیں ، کوئین آکر کنٹرول کر لے، جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ابھی سنگل بنچ کا تفصیلی فیصلہ نہیں آیا اور اسے پہلے ہی چیلنج کر دیا۔