اب ہم رہیں گے یا پیپلزپارٹی کی کرپٹ اور متعصب حکومت، مصطفیٰ کمال

January 19, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اب ہم رہیں گے یا پیپلزپارٹی کی ظالم، کرپٹ اور متعصب حکومت رہے گی۔ میں کراچی کے لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ 30 جنوری کو ایک دن ہمارے ساتھ چلیں، ہم حقوق دلوا کر اٹھیں گے کیونکہ ہم کرپٹ اور منافق نہیں۔ 30 جنوری کے ہمارے مارچ سے پیپلز پارٹی کے ظالم حکمرانوں کو پتہ لگ جائے گا کہ سامنے جب باکردار، بہادر اور قابل قیادت کھڑی ہو تو مظلوم عوام کو اختیارات اور وسائل دینے کے علاوہ دوسرا کوئی راستہ نہیں بچتا۔سندھ بلدیاتی قانون کے خلاف 30 جنوری کو تبت سینٹر تا وزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب مارچ کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ کورنگی اور ایسٹ کے علیحدہ علیحدہ ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اہالیان کراچی میں اتنی طاقت ہے کہ اگر وہ ظالم حکومت کیخلاف میدان عمل میں آگئے تو ناصرف کراچی اور حیدرآباد بلکہ تمام سندھ کے ایک ایک چپے کے لوگوں کو پیپلزپارٹی کے جابرانہ، ظالمانہ اور وڈیرانہ نظام حکومت سے آزادی دلوا کر پیپلز پارٹی کی اگلی نسلوں کی حکمرانی کا خواب چکنا چور کرسکتے ہیں۔