ڈپٹی اسپیکر کے دفتر سے کال کرکے میرے خلاف لوگوں کو بھڑکایا گیا، نور عالم

January 19, 2022

پشاور(نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیلئے خیبر پختونخوا اسمبلی کا ٹیلیفون استعمال ہونیکا انکشاف ہوا ہے جبکہ نور عالم خان نے الزام لگایا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کے دفتر سے کال کرکے لوگوں کو میرے خلاف بھڑکایا گیا تاہم ڈپٹی اسپیکر کے پی آر او نے کہا ہے کہ حلقہ کے عوام پی آر او کے دفتر آتے ہیں شاید کسی نے اس نمبر سے فون کیا ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے پارلیمنٹ اجلاس اور ٹی وی چینل پر اپنی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کی تھی جس پر اتوار کے روز پشاور میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے نور عالم خان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا تھا چنانچہ گزشتہ روز نور عالم خان نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میرے حلقے کے عوام کو میرے خلاف احتجاج کیلئے خیبر پختونخوا اسمبلی کا ٹیلی فون استعمال کیا جارہا ہے ، ڈپٹی اسپیکر کے پی آر او دفتر کے لینڈ لائن نمبر سے کال کرکے میر ے خلاف لوگوں کو بھڑکانے کی کوشش ہورہی ہے۔