ڈھوک منشی خان قبرستان پر قبضے کے خلاف دھرنا جاری

January 19, 2022

راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے) ڈھوک منشی خان قبرستان پر مبینہ قبضے کے خلاف سیاسی،مذہبی اور سماجی رہنمائوں کی علامتی بھوک ہڑتال اور دھرنا تیسرے روز بھی جاری رہا۔ڈھوک منشی خان، چکلالہ، رحمت آباد،فیصل کالونی اور کوٹھہ کلاں کی یونین کونسلوں کے عمائدین قبرستان اراضی پر قبضہ کے خلاف احتجاج پر ہیں۔شرکاء نے نعرے بازی بھی کی۔دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے یونین کونسل رحمت آباد کے سابق چیئر مین تاج عباسی،جے یو آئی کے رہنما مولانا ادریس حقانی اور دیگر نے کہا کہ پانچ یونین کونسلوں کے رہائشیوں کے پیاروں کی تدفین کیلئے مسلم لیگ ن حکومت نے 200کنال اراضی مختص کی تھی۔جس کے بعد عوم نے تدفین شروع کردی اور قبریں بن رہی ہیں لیکن اب قبرستان کی زمین پر قبضہ کیا جارہا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فہیم بدر قادری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن اس دھرنے میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ بابر عباس راجہ، سردار نوید نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔