ہائیکورٹ :درخواست ضمانت خارج، سابق ایکسین انہار احاطہ عدالت سےگرفتار

January 19, 2022

ملتان(سٹاف رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے سابق ایکسین محکمہ انہار کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کردی ، اینٹی کرپشن نے احاطہ عدالت سے ملزم کو گرفتار کرلیا، پرویز اقبال اعوان سابق ایکسین محکمہ ایریگیشن کے خلاف جعلی بھرتیوں کا مقدمہ ہے، پیٹشنر نے درخواست ضمانت قبل از گرفتاری دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ اس پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں ،دریں اثنا ہائیکورٹ نے کمسن بچے کو غیر فطری عمل پر اکسا کر ویڈیوز بنانے اور نقصان پہنچانے کے مقدمے میں ملوث ملزم جاوید اخترکی عبوری ضمانت منظور کرنے کا حکم دیا ہے، کیس میں ڈی پی او ڈی جی خان محمد علی ان پرسن پیش ہوئے اور اپنا جواب جمع کرایا،علاوہ ازیں ہائیکورٹ نے مذہبی دل آزاری پر مبنی نعرے لگانے اور ویڈیو وائرل کرنے کے تھانہ سرائے سدھو میں درج مقدمے میں ملوث 2 ملزمان حسنین احتشام اور محمد عمران کی عبوری ضمانتیں تفتیشی کے بیان کے بعد خارج کرنے کا حکم دیا ہے ، ملزمان کو کمرہ عدالت سے نکلتے ہی گرفتار کرلیا گیا، دریں اثناہائیکورٹ نے اراضی تنازع کیس کو لیفٹ اوور کردیا ہے، کیس میں ڈی پی او مظفر گڑھ حسن اقبال ان پرسن پیش ہوئے، یہ تھانہ سناواں کی اراضی کے تنازع کا کیس ہے، پیٹشنر نے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ مذکورہ رقبہ میں گیٹ کی طرف والا رقبہ میرا ہے مجھے واپس کیا جائے۔