پچاس ہزار سے ایک لاکھ تک واسا ڈیفالٹرز کے وارنٹ گرفتاری

January 20, 2022

راولپنڈی (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے) واسا راولپنڈی نے ریکوری بہتر بنانے کیلئے ڈیفالٹرز کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنا شروع کر دیئے۔ذرائع کے مطابق سینئر سپیشل مجسٹریٹ واسا عامر قریشی نے بار بار نوٹسز کے اجراءاور چالان دینے کے باوجود پانی کے بلوں کے بقایا جات کی عدم ادائیگی پر 12ڈیفالٹرزکے وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔ڈیفالٹرز کی گرفتاری کیلئے متعلقہ تھانوں کو وارنٹ بھجوائے جا رہے ہیں ، جن ڈیفالٹرز کے وارنٹ جاری کئے گئے ہیں ان کے ذمہ پچاس ہزار سے ایک لاکھ روپے تک کے بقایا جات ہیں ، واسا کے ذمہ داران کے مطابق پانی کے بلوں کے حصول کیلئے ڈیفالٹرز کیخلاف گھیرا تنگ کرنا شروع کر دیا گیا ہے۔انہوں نے پانی کے بلوں کے تمام ڈیفالٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ذمہ بقایا جات کی ادائیگی کو یقینی بنائیں ورنہ گرفتاریاں کر کے بقایا جات کی وصولیاں کی جائیں گی ۔