پنجاب کے لیے بہترین بلدیاتی ایکٹ تیار کیا ہے،محمود الرشید

January 20, 2022

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 15 مئی کی تاریخ تجویز کی جارہی ہے تاہم اس حوالے سے حتمی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن سے مشاورت کے ساتھ ہوگا۔ حکومت مقامی سطح پر بلدیاتی اداروں کی مضبوطی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ سیاسیات کے زیر اہتمام الرازی ہال میں پوسٹ گریجوئیٹ ڈپلومہ ان لوکل سیلف گورنمنٹ کی ری لانچنگ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر نیازاحمد اختر، چئیرمین لوکل گورنمنٹ کونسلز ایسوسی ایشن پنجاب زاہد اقبال، پروفیسر ڈاکٹر ارم خالد، فیکلٹی ممبران اور طلباؤطالبات بھی موجود تھے۔ میاں محمودالرشید نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ صوبہ پنجاب کے لیے بہترین بلدیاتی ایکٹ تیار کیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں میئر کے عوام کی جانب سے براہ راست انتخابات کی تجویز سمیت مزید کئی تجاویز متعارف کراوئی جا رہی ہیں۔