کورونا وبا میں غریب ہلاک، امیروں کی دولت دوگنی ہوگئی

January 21, 2022

واشنگٹن(نیوز ڈیسک)آکسفیم انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق کورونا وبا کے دوران 10امیر ترین افراد کی دولت دوگنی ہو گئی ، رپورٹ میں عدم مساوات کو اس کی ایک اہم وجہ قرار دیا گیا ہے وبا کے باعث دنیا میں یومیہ 21ہزار 300افراد ہلاک ہوئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں آکسفیم انٹرنیشنل کے حوالے سے کہا گیا کہ ہم بے مثال تشویش کے ساتھ 2022 میں داخل ہورہے ہیں، یہ دلیل پیش کرتے ہوئے کہ انتہائی عدم مساوات کی موجودہ عالمی حالت دنیا کے غریب ترین لوگوں اور قوموں کے خلاف ’معاشی تشدد‘ کی ایک شکل ہے۔رپورٹ کے مطابق لاکھوں لوگ آج بھی زندہ ہوتے اگر ان کے پاس ویکسین ہوتی لیکن وہ مر چکے ہیں، بڑی فارماسیوٹیکل کارپوریشنز ان ٹیکنالوجیز پر اجارہ داری برقرار رکھے ہوئے ہیں۔آکسفیم انٹرنیشنل کے اعداد وشمار کے مطابق 252مردوں کے پاس افریقہ اور لاطینی امریکہ سمیت کیریبین کی مجموعی طور پر ایک ارب خواتین سے زیادہ دولت ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ وبائی مرض کے دوران جہاں امیر بہت زیادہ امیر ہو گئے، وہیں 99 فیصد انسانیت کی آمدنی کو نقصان پہنچا۔ آکسفیم کی رپورٹ عام طور پر سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) کے سالانہ اجلاس سے پہلے جاری کی جاتی ہے لیکن دنیا کے امیر ترین اور طاقتور افراد کا اجتماع اس سال وبائی امراض کی وجہ سے دوبارہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔