پنجاب کے پسماندہ اضلاع کا سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ ختم کرنیکا فیصلہ معطل

January 21, 2022

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ نے پنجاب کے بعض پسماندہ اضلاع کے عوام کے لیے سرکاری ملازمتوں میں صوبائی حکومت کی جانب سےبھکر، ملتان اور میانوالی کے رہائشیوں کیلئے نوکریوں میں مقرر کیا گیا مخصوص کوٹہ ختم کرنے کے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو معطل کردیا ہے۔جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے جمعرات کے روز مخصوص کوٹہ غیر آئینی قرار دینے کے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف متاثرہ افراد کی درخواست باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے قرار دیاہے کہ تفصیلی سماعت کے بعدمقدمے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔دوران سماعت درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اپنایا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے پسماندہ اضلاع کے ڈومیسائل ہولڈرز کو دیا گیاا سپیشل کوٹہ آئین کی خلاف ورزی نہیں ہے ،یہ کوٹہ سول سرونٹس ایکٹ کے مطابق دیا گیا ہے ،جس سے کسی آئینی آرٹیکل کی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔فاضل وکیل نے بتایا کہ سپیشل کوٹے پر قانونی طریقہ کار کے مطابق ٹیسٹ اور انٹرویو کے بعد امیدوار منتخب ہوئے تھے اور منتخب ہونے والے امیدواروں کو تقرر نامے بھی جاری ہو چکے ہیں لیکن جوائننگ نہیں دی جا رہی ہے ۔جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ سپریم کورٹ پہلے بھی اپنے دو فیصلوں میں سپیشل کوٹہ کو درست قرار دے چکی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ اس مقدمہ میں ہم فی الحال تو ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کررہے ہیں لیکن بعد میں کیس تفصیلی طور پرسنیں گے۔