کراچی(اسٹاف رپورٹر) سنیئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ایک پیج پر آنا ہوگا، ملک کے سیکیورٹی اداروں نے اس ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کی بھر پور کوشش کی اور آج بھی کررہے ہیں، دہشت گردی کو روکنے کی اس جنگ میں ہزاروں شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، مگر پی ٹی آئی حکومت کے دور میں جس طرح عالمی دہشت گردوں کو بات چیت کے نام پر رہا کیا گیا، اس نے تمام کاروائی کو ناکام بنادیا، اس بات سے کوئی انکار نہیں کرسکتا ہے کہ دہشت گردی کے 80 فیصد واقعات خیبر پختونخوا میں ہو رہے ہیں ، اس صوبے میں دہشت گردوں کو سازگار سیاسی ماحول فراہم کیا جاتا ہے۔ بھارت نے افغانستان کو دہشت گردی کی نرسری بنارکھا ہے،افغانستان میں ہیں ان کی پرورش کر کے انہیں پاکستان میں دہشت گردی کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔