سیریل ”جو بچھڑ گئے“ کو 20 برس بعد دیکھ کر بھی فخر ہوگا

January 21, 2022


کراچی (جنگ نیوز) وطن کیلئے جان دینے والوں کی کہانی پر مشتمل تاریخی ڈرامہ سیریل ”جو بچھڑگئے“ اِن دنوں پاکستان کے نمبر ون انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو ٹی وی“ پر نشر کیا جارہا ہے۔ بہت تھوڑے سے وقت میں بے پناہ مقبولیت حاصل کرنے والے اس سیریل کے اہم کردار مایا علی(سونیا)، وہاج علی(رومی) اور طلحہ چہور (کیپٹن فرخ)گذشتہ روز ”جیونیوز“ کے مارننگ شو ”جیو پاکستان“ کے مہمان بنے۔ میزبان عبداللہ سلطان اور ہما امیر شاہ کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ڈرامے کے اہم کرداروں کا کہنا تھا کہ ”جو بچھڑگئے“ عوام کا پسندیدہ سیریل بن گیا ہے۔ یہ ڈرامہ 20برس بعد بھی دیکھیں گے تو ہمیں فخر ہوگا۔ سیریل کی مرکزی کردار مایا علی کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ کچھ مختلف کردار ادا کرنا چاہتی تھی اور اِس سیریل میں وہ کرنے کا موقع مل گیا۔ یہ پروجیکٹ میرے دِل کے بہت قریب ہے۔ فخر ہے میں اس کا حصہ بنی ہوں۔ ہدایتکار ہائصم حسین نے سونیا کے کردار پر ایک ماہ کام کیا جس کا نتیجہ ناظرین میری پرفارمنس کے ذریعے دیکھ رہے ہیں۔ ڈرامے کی کہانی ایکشن، اموشن اور کامیڈی کا خوبصورت پیکیج ہے جسے دیکھنے والے بور نہیں ہوتے۔ سیٹ پر پہنچ کر لگتا تھا 1970میں پہنچ گئے ہیں۔ ہائصم حسین نے ساس بہو کے کرداروں سے باہر نکل کر اس سیریل کے ذریعے ایسا معیار سیٹ کردیا ہے کہ اب عوام اِس سے کمتر چیز دیکھنا پسند نہیں کریں گے۔وہاج اور طلحہ کے ساتھ بہت اچھی کیمسٹری ہے۔ بہترین ہدایتکار کے ساتھ کام کیا اندازہ تھا کہ یہ ڈرامہ بہت مختلف ہوگا لیکن ناظرین اِسے اتنا زیادہ پسند کریں گے یہ کبھی نہیں سوچا تھا۔ ڈرامے کی کہانی ابھی شروع ہوئی ہے ناظرین کیلئے بہت سے ٹوئسٹ ہیں۔ سیریل میں کو ایکٹرز اگر اچھے نہ ملتے تو اس پروجیکٹ کو چار چاند نہیں لگتے۔ وہاج علی نے بتایا کہ ہائصم حسین جس انداز سے پروجیکٹ تیار کرتے ہیں اس سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ اس طرح کے مزید معیاری پروجیکٹس لانے کیلئے ڈائریکٹرز، پروڈیوسرز اور ایکٹرز کو ذمہ انداز اپنانا ہوگا۔ اس پروجیکٹ پر پہلے کسی نے بات نہیں کی، یوں لگتا تھا کہ یہ ایک بیکار دستاویز ہے کیونکہ اس حساس موضوع پر ہماری جانب سے کبھی کوئی موقف نہیں دیا گیا۔ پروجیکٹ سامنے آیا تو چاہتا تھا کہ اس کا حصہ بنوں۔ تاریخی ڈرامے کا حصہ بننا اعزاز کی بات ہے، اب اداکاروں کو روایتی کرداروں سے ہٹ کر مختلف کردار مل رہے ہیں اور پسند بھی کئے جارہے ہیں۔ سڑکوں پر لوگ ”رومی، رومی“ کی آوازیں لگاتے ہیں، ناظرین کے بے انتہا رسپانس نے مجھے حیران کردیا ہے۔۔ طلحہ چہور نے بتایا کہ پہلے میں تھیٹرزسے منسلک تھا، انتظار تھا کہ کوئی منفرد پروجیکٹ مل جائے۔ یاد رہے کہ ڈرامہ سیریل ”جو بچھڑ گئے“ کرنل ریٹائرڈ زیڈ آئی فرخ کی تجزیاتی خود نوشت ”بچھڑ گئے“ کا شاہکار ہے جو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کررہا ہے۔ یہ ڈرامہ ہر اتوار کی رات 8 بجے ”جیو ٹی وی“ سے نشر کیا جاتا ہے۔