امریکا: میری لینڈ میں گھر سے لاش کے ساتھ 124 سانپ برآمد

January 21, 2022

امریکی ریاست میری لینڈ کی چارلس کاؤنٹی میں ایک شخص کی لاش اس کے گھر سے ملی، پولیس کے مطابق اسے اس گھر سے تقریباً 124 سانپ بھی ملے ہیں۔

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ان سانپوں میں سے بعض کو زہریلے سانپ کے طور پر شناخت کیا گیا۔ ان میں مختلف اقسام کے سانپ بشمول اژدھے، پھنکارنے والے سانپ، کوبرا اور بلیک ممبا شامل ہیں۔

چارلس کاؤنٹی کے شیرف آفس کے مطابق ان سانپوں کو ایک ٹینک نما پنجرے میں رکھا گیا تھا۔

یہ صورتحال اس وقت سامنے آئی جب مذکورہ بالا 49 سالہ مردہ شخص کافی دن نظر نہ آیا تو اس کے پڑوسی نے گھر میں جھانکا اور اسے زمین پر پڑے دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس کا کہنا ہے بظاہر کوئی گڑبڑ تو نظر نہیں آئی تاہم اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔