ٹی20 ورلڈکپ: پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں شامل

January 22, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے ۔میگا ایونٹ رواں سال 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا جہاں ہوم سائیڈ اپنےٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ روایتی حریف پاکستان کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔ پاکستان براہ راست سپر 12 راؤنڈ میں جگہ بنا چکا ہے، اس کا بھارت سے میچ 23 اکتوبر کو میلبورن میں ہوگا۔ ٹور نامنٹ میں16ٹیمیں ایکشن میں ہونگیں، میچز سات شہروں میں کھیلے جائیں گے۔ ورلڈکپ میں سابقہ طریقہ کار برقرار رکھا گیا ہے، ٹاپ 12 ٹیم براہ راست کوالیفائی کرینگی جبکہ چار ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچز کھیل کر ایونٹ کھیلنے کی حقدار بنیں گی۔ ویسٹ انڈیز، سری لنکا، نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیمیں ابتدائی مرحلہ کھیلیں گی،ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان گروپ 2 میں بھارت، بنگلہ دیش، جنوبی افریقا کے ساتھ موجود ہے ۔گروپ ون میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور افغانستان شامل ہیں۔ سپر 12کا پہلا میچ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان22 اکتوبر کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ سیمی فائنلز سڈنی اور ایڈیلیڈ میں نو اور دس نومبر کو کھیلے جائیں گے، ایونٹ کا فائنل 13 نومبر کو میلبورن میں کھیلا جائے گا۔