فیصل آباد، ڈکیت گروپ کی شوہر، دیور اور تین بچوں کی موجودگی میں زیادتی، 4 ماہ بعد بھانڈا پھوٹا

January 22, 2022

کراچی(ٹی وی رپورٹ)فیصل آباد میں ڈکیت گروپ کی شوہر،دیور اور تین بچوں کی موجودگی میں خاتون سے زيادتی،بھانڈا چار ماہ بعد پھوٹا، مسلح افراد نے سڑک پر روک کر خاندان کو اغوا کیا، ڈیرے پر لے جاکرخاتون سے زيادتی کی، متاثرہ خاندان سے ان کی کار، زیورات، نقد رقم اور موبائل فون چھین لئے، زیادتی کے بعد کھیتوں میں لے جاکر چھوڑ دیا گیا، متاثرہ خاندان دہائی دیتا رہا لیکن فیصل آباد کی تھانہ سٹی پولیس نے صرف ڈکیتی کا مقدمہ درج کیا، زیادتی کی دفعات شامل نہیں کیں ،بھانڈا چار ماہ بعد پھوٹا جب ڈکیت دوسرے کیس میں دوسرے تھانے میں پکڑے گئے اور خاتون نے ملزمان کو پہچان لیا، متاثرہ خاتون نے کہا کہ جب وہ تھانہ سٹی کے ایس ایچ او کی منتیں کررہی تھیں تو وہ انہیں جھوٹا قرار دے کر مقدمہ درج کرنے سے انکار کرتے رہے، خاتون نے بتایا کہ واردات کے دوران ملزمان نے ان کے شوہر اور دیور کو باندھ دیا، بچوں کو گاڑی کی سیٹوں کے نیچے گھسا دیا، ہراساں کیا، بالیاں نوچیں، سر سے دپٹا اتار کر پھینکا، ایک کے بعد دوسرا گاڑی میں آتا جاتا رہا، پھر ایک کمرے میں لے جاکر بے ہوش کردیا، اس دوران ان سے زیادتی کی گئی۔