یوم آزادی پر دستی بم حملہ دہشتگردی، رقم دیکر کرائے جانے کا انکشاف

January 22, 2022

کراچی( طلحہ ہاشمی) ملک میں دہشتگردی بھی آوٹ سورس ہونے لگی، کراچی کے مواچھ گوٹھ کے قریب گزشتہ سال یوم آزادی پر دستی بم حملہ رقم دے کرکرائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، حکام نے جیونیوز کو بتایا کہ کالعدم قوم پرست جماعت نے یوم آزادی سبوتاژ کرنے کےلیےدستی بم حملہ کروایا، حملہ کروانے کےلیے 2سے 3لاکھ روپے ادا کیے گئے اور حملے کی ذمےداری جان بوجھ کر قبول نہیں کی گئی تھی۔تفصیلات کےمطابق ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں دہشتگردی بھی آوٹ سورس کردی گئی ہے اور رقم دے کر حملہ کروائے کا انکشاف ہوا ہے، جس کی جیونیوز کو تصدیق سینئر سیکورٹی اورپولیس حکام نے کردی ، حکام کے مطابق گزشتہ سال یوم آزادی پرشادی کی تقریب سےواپس آنے والے منی ٹرک پر دستی بم حملہ رقم دے کرکرایاگیا، حملہ دہشتگردی کی واردات تھی جس کا مقصد خوف پھیلانا تھا، حکام کے مطابق کالعدم قوم پرست جماعت نے یوم آزادی سبوتاژ کرنے کےلیےحملہ کروایا، حملہ کروانے کےلیے دو سے تین لاکھ روپے ادا کیے گئےاور ممکنہ طور پر لیاری گینگ وار یا سیاسی جماعت کے کارکن اس میں استعمال کیےگئے، حکام نے مزید بتایا کہ حملے کی ذمےداری جان بوجھ کر قبول نہیں کی گئی ۔