عوام مڈل کلاس طبقہ کے لوگوں کو ایوان میں لائیں، جمشید دستی

January 22, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) عوامی راج پارٹی کے سربراہ و سابق ایم این اے جمشید احمد دستی نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ عوام کش پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، بلدیاتی انتخابات میں ضرور حصہ لیں گے اور متحرک کارکنوں کو بھی لوکل گورنمنٹ کے ایوانوں میں لانے کے لئے بھرپور جدوجہد کریں گے عوام کو چاہیئے کہ وہ مڈل کلاس طبقہ کے لوگوں کو ایوانوں میں لانے کے لئے سنجیدگی سے اپنا کردار ادا کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بستی کھوکھراں میں عوامی راج پارٹی کے رہنما محمداکرم بلوچ کے بھائی محمد اسلم بلوچ مرحوم کے ختم شریف کی تقریب کے بعد کارکنوں سے کی گئی ملاقات میں کیا۔ حافظ محمد علی، غلام شبیر بھٹی نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے صبر جمیل کے لئے خصوصی طور پر دعا کرائی جبکہ اس موقع پر سعید خان، اکمل بلوچ، محمد کاشف بلوچ، حنیف کھوکھر، امتیاز بھٹی، ظفر خان، عبد الستار ودیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی جمشید دستی نے مزید کہا کہ دہشت گردی، سٹریٹ کرائم کے واقعات کی روک تھام کے لئے سختی سے اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہو سانحہ لاہور، ڈیرہ اسماعیل خان کے شہداء کے لواحقین کے غم میں ہم برابر کے شریک ہیں۔