ملتان (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود کی زیر صدارتپاکستان پیپلزپارٹی ملتان ڈویژن، ضلع اور سٹی کے عہدیداران کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا،جس میں پارٹی کی تنظیمی صورت حال، رکنیت سازی، آئندہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم سید احمد محمود نے پارٹی عہدیداران کو ہدایت کی کہ یونین کونسل کی سطح تک تنظیم سازی اور رکنیت سازی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے اور بلدیاتی انتخابات کے لیے بھرپور تیاری کی جائے،انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی ادارے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کا اہم ذریعہ ہیں، اس لیے پارٹی کارکنان ابھی سے انتخابی تیاریوں کا آغاز کریں اور تنظیم کو یونین کونسل کی سطح تک فعال اور مضبوط بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو اس کا حق ضرور ملے گا اور یہاں کے عوام کی دیرینہ خواہشات کے مطابق الگ صوبے کا قیام عمل میں آئے گا ، موجودہ سیاسی حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کو جمہوری اور آئینی طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے ملکی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔