ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق

January 23, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 4افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جیکسن تھانے کی حدود شیریں جناح کالونی میں گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 22 سالہ فرحان ولد سعیداللہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ، متوفی کی لاش کو پولیس کارروائی کے لئے سول اسپتال منتقل کیا گیا ۔شرافی گوٹھ کے علاقے لانڈھی فیوچر موڑ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے راہگیر خاتون جاں بحق ہوگئیں جن کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی شناخت 40 سالہ گلشن زوجہ اللہ وڑایو کے نام سے ہوئی متوفیہ شرافی گوٹھ کی رہائشی بتائی جاتی ہیں ۔ کورنگی تھانے کی حدود کورنگی بلال چورنگی فاطمہ کمپنی کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت 55 سالہ محمد عامر ولد منصور احمد کے نام سے ہوئی ۔ پولیس کے مطابق حادثے کا زمے دار ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔گڈاپ سٹی تھانے کی حدود سپر ہائی وے کاٹھور پل کے قریب نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر راہگیر زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لئیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ چل بسا ، متوفی کی شناخت 32 سالہ عظیم ولد خادم حسین کے نام سے ہوئی۔