ناظم آباد میں ایک نجی اسپتال اور میڈیکل اسٹور سیل

January 23, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ضلع وسطی کی انتظامیہ نے ناظم آباد میں ضروری دستاویزات کی عدم فراہمی پر ایک نجی اسپتال اور میڈیکل اسٹور کو سیل کردیا۔ جب کہ گلبرگ، فیڈرل بی ایریا میں کارروائی کر کے سڑک اور فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات ختم کردی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کمشنر طحہٰ سلیم نے عزم ظاہر کیا کہ متعلقہ اداروں کی مدد سے ضلع وسطی کو غیر قانونی سرگرمیوں سے پاک کرکے ایک ماڈل ضلع بنایا جائے گا۔وہ یہاں گلبرگ زون، فیڈرل بی ایریا کا دورہ کررہے تھے۔انہوں نے عوام کو کورونا کی حالیہ لہر سے بچانے کے لئے فوری اقدات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ایس او پیز کا جائزہ لیا اور خلاف ورزی پر ریسٹورنٹ مالکان کو تنبیہ کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو غیر مستند اور عطائی ڈاکٹروں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔دریں اثناء انتظامیہ نے لیاقت آباد اور نیوکراچی زونز میں بھی تجاوزات کا خاتمہ کیا۔