کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کراچی کے علاقے جیکب لائن میں ڈیجیٹلائزڈ ہیلتھ سینٹر کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں سی ای او صحت کہانی ڈاکٹر سارہ سعید، ڈاکٹر حسن سمیت طبی ماہرین، پیرا میڈیکل اسٹاف اور مقامی افراد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ انسانیت کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے ، انہوں نے کہا کہ بغیر کسی سیاسی، مذہبی یا لسانی تفریق کے یہ مرکز ہر اس شخص کیلئے کھلا ہوگا جو کسی بھی تکلیف میں ہو، انہوں نے کہا کہ پاکستان کا موجودہ نظام سِک کیئر پر مبنی ہے جب کہ ضرورت ہیلتھ کیئر کی ہے جس کا مقصد بیماری سے بچاؤ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ہر سال 61 لاکھ بچے پیدا ہوتے ہیں جب کہ لاکھوں بچے منفی پروپیگنڈے کی وجہ سے بنیادی ویکسین تک سے محروم رہ جاتے ہیں، جس کے باعث صحت کا نظام دباؤ کا شکار ہے۔ وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ وزارتِ صحت اور صحت کہانی کے مابین اشتراک سے ٹیلی میڈیسن کے ذریعے مقامی اور بیرونِ ملک ڈاکٹرز مریضوں کو آن لائن طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلایا جا رہا ہے اور اس پر حکومت پاکستان کا کوئی اضافی مالی بوجھ نہیں ہے۔