• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کا انفرااسٹرکچر تباہ، جہانگیر روڈ 5 سال میں تیسری بار تعمیر، منعم ظفر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے نیو کراچی ٹاؤن چیئرمین محمد یوسف،وائس ٹاؤن چیئرمین شعیب بن ظہیر اور امیر ضلع طارق مجتبیٰ کے ہمراہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن نیو کراچی میں 1000گلیوں کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔منعم ظفر خان نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کا انفرااسٹرکچر تباہ، جہانگیر روڈ 5سال میں تیسری بار تعمیر کی جارہی ہے، قابض میئر اپنے 13ٹاؤن میں سے کسی ایک ٹاؤن کا بتادیں جہاں نیو کراچی ٹاؤن جیسا کام ہورہا ہو، پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت دعویٰ کرتی ہے کہ کراچی میں بلاول کے وژن کے تحت کام ہو رہا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ پیپلزپارٹی نے کراچی کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا ہے، کراچی کا انفرااسٹرکچر تباہ حال ہے، جہانگیر روڈ گزشتہ 5سال میں تیسری بار تعمیر کیاجارہا ہے اور2022میں 50کروڑ روپے خرچ ہونے کے باوجود سڑک کی حالت سب کے سامنے ہے۔ جماعت اسلامی ان انتہائی نامساعد حالات میں بھی امانت اور دیانت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہے، جبکہ صوبائی حکومت کراچی کو اس کا حق دینے کے لیے تیار نہیں۔ پیپلزپارٹی اپنے 13 ٹاؤنز میں سے کوئی ایک ٹاؤن نیو کراچی ٹاؤن کے مقابل لا کر دکھا دے۔ لانڈھی ٹاؤن میں 516گلیوں کی تعمیر ہو رہی ہے، ناظم آباد،نارتھ ناظم آباد میں بڑی سڑکوں اور مارکیٹوں کو ماڈل بنانے کا کام جاری ہے، جبکہ گلبرگ ٹاؤن میں پرائمری ہیلتھ کیئر سینٹر قائم کیا گیا ہے۔منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ سندھ حکومت جھوٹ، فراڈ اور دھوکہ دہی کی بنیاد پر چل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے گزشتہ 15 سال میں 3360ارب روپے انفرا اسٹرکچر سیس کی مد میں ہڑپ کر لیے، کے فور منصوبے کو 22سال گزر گئے ہیں لیکن یہ آج تک مکمل ہونے کا نام نہیں لے رہا۔ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نے کراچی کے عوام کو اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔محمد یوسف نے کہا ہے کہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اپنی بنیادی ذمہ داریاں ادا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ جہانگیر روڈ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس کی از سر نو تعمیر ہونی چاہیے، لیکن پہلے یہ جواب دیا جائے کہ تین مرتبہ تعمیر ہونے کے باوجود یہ سڑک کیسے ٹوٹ جاتی ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید