سندھ ہائیکورٹ، لاپتا شہری کی بازیابی کے لئے FIA سے مدد لینے کا حکم

January 23, 2022

کراچی(این این آئی)سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر پولیس کو لاپتا شہری سلطان کی بازیابی کے لیے ایف آئی اے سے بھی مدد لینے کا حکم دیتے ہوئے پولیس و دیگر اداروں سے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔جبکہ مزید سماعت 8 فروری تک ملتوی کردی۔ ہفتہ کوسندھ ہائی کورٹ میں جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں بینچ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق کیسز کی سماعت کی۔ عدالت نے پولیس حکام سے مکالمہ میں کہا کہ شہری سلطان کی بازیابی کا کیا ہوا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ واٹس ایپ کی جانے والی کال ٹریس نہیں کی جا سکتی۔ سربراہ جے آئی ٹی نے بتایا کہ پولیس کے پاس ایسی ٹریس ٹیکنالوجی موجود نہیں جس سے واٹس ایپ نمبر ٹریس ہوسکے۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ لاپتا شہری سلطان سے متعلق مسقط سے وٹس ایپ پر کال کی جارہی ہے۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ واٹس ایپ کال کسی نہ کسی فون نمبر سے کی جاتی ہوگی؟ تفتیشی افسر نے کہا کہ مسقط کا فون نمبر صرف واٹس اپ پر موجود ہے سم بند ہے۔ واٹس اپ نمبر بند ہے، تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کو لکھا ہے۔ عدالت نے پولیس کو لاپتہ شہری سلطان کی بازیابی کے لیے ایف آئی اے سے بھی مدد لینے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے پولیس و دیگر اداروں سے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔