سیکنڈری بورڈز میں کنٹرولر امتحانات اور سیکرٹری مستقل تعیناتی کیلئے منتظر

January 23, 2022

لاہور(رب نواز خان)میٹرک کے امتحانات قریب ہیں تاہم پنجاب کے مختلف سیکنڈری بورڈز میں کنٹرولر امتحانات اور سیکرٹری کے11عہدوں پر عرصہ دراز سےاضافی چارج سے کام چلایا جا رہا ہے جبکہ مستقل افسران کی تعیناتی کے لیے پر اسس مکمل ہوئے کئی ماہ گزرنے کے باوجود افسران کی تعیناتیاں نہیں کی جا رہی ہیں۔ انتظامی امور کے یہ اہم عہدے دو سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود مستقل افسران سے محروم ہیں ۔ جس سے نہ صرف اہم نوعیت کے کام متاثر ہو رہے ہیں ،بلکہ امتحانات کے انعقاد اور تیاریوں میں بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔ محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے ایک سے زائد بار سیکرٹری اور کنٹرولر امتحانات کے عہدوں کے لیے آسامیاں مشتہر کی گئیں ،تاہم عہدوں پر تعیناتیاں نہیں کی گئیں ۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور میں سیکرٹری اور کنٹرولر امتحانات کے عہدے کم وبیش ڈیڑھ برس سے عارضی اور اضافی چارج پرچلائے جارہے ہیں ۔ ملتان بورڈ میں سیکرٹری اور کنٹرولر امتحانات، گجرانوالہ بورڈ میں سیکرٹری بورڈ،ڈی جی خان میں کنٹرولر امتحانات، بہاولپور میں سیکرٹری کنٹرولر امتحانات، بہاولپور میں سیکرٹری اور کنٹرولر امتحانات،فیصل آباد میں کنٹرولر امتحانات اور روالپنڈی بورڈ میں سیکرٹری سمیت دیگرعہدے خالی ہیں ،جبکہ دوسری جانب محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب کے قابل ،انتظامی امور کا تجربہ اور اچھی شہرت رکھنے والے افسران بھی انتظامی امور کی تعیناتیوں کے منتظر ہیں ۔ اس بارے میں محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے حکام نے بتایا ہے کہ تعلیمی بورڈز کے افسران کی تقرری کے لیے انٹرویو اور پراسس مکمل کرنے کے بعد سمری سی ایم سیکرٹریٹ کو ارسال کی گئی تھی تعیناتی کے لیے سمری کی منظوری کے منتظر ہیں ۔