علاقہ پٹوار پایاںمیں متنازعہ جائیداد پر قبضہ کی کوشش ناکام، دو ملزمان گرفتار

January 23, 2022

پشاور ( آن لائن ) تھانہ مچنی گیٹ پولیس نے شہر کے نواحی علاقہ پٹوار پایاںمیں متنازعہ جائیداد پر قبضہ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان کا تعلق بھی پٹوار پایاں سے ہے جن کا مخالف فریق کے ساتھ جائیداد تنازعہ چلا آ رہا ہے، ملزمان گزشتہ روز دیگر ساتھیوں کے ہمراہ متنازعہ اراضی پر اسلحہ کی نوک پر قبضہ کی کوشش کر رہے تھے جس پر مقامی پولیس تھانہ مچنی گیٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قبضہ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، اراضی قبضہ کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے دو افراد بھی زخمی ہوئے تھے جن کے قبضہ سے اسلحہ برآمد کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تھانہ مچنی گیٹ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ورسک روڈ کے علاقہ پٹوار پایاں میں ملزمان ضیاء اللہ اور ثاقب حسین متنازعہ اراضی پر اسلحہ کی نوک پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جنہوں نے قبضہ کرنے کے دوران مخالف فریق پر فائرنگ کرتے ہوئے دو افراد کو بھی زخمی کر دیا ہے جس پر ایس ایچ او تھانہ مچنی گیٹ کامران خان نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر اراضی پر قبضہ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا، اسی طرح مخالف فریق بھی اراضی پر قبضہ کی کوشش ناکام بنانے کی خاطر ملزمان کیخلاف مورچہ زن ہو کر فائرنگ کر رہے تھے جن سے بھی دو ملزمان سمیع اللہ اور جمشید کو گرفتار کر لیا گیا ہے، چاروں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے،