پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں غیر معیاری اور ملاوٹ مافیا کیخلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے ہری پور فوڈ سیفٹی ٹیم نے موصول شکایات پر گزشتہ روز کارروائی کرتے ہوئے غیر معیاری قیمہ، گوشت اور چپلی کباب تیار کرنے والے ہوٹل اور مختلف دکانوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ کارروائی کے دوران 102 کلو مضر صحت قیمہ اور گوشت برآمد کیا گیا جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک خیبرپختونخوا، ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملاوٹ اور غیر معیاری خوراک کے خلاف کریک ڈاؤن بلا امتیاز جاری رہے گا اور کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔وزیر خوراک نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی غیر معیاری خوراک کے حوالے سے فوڈ اتھارٹی کو فوری طور پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔