حقائق کے برعکس قرارداد پیش کرنا نامناسب ہے‘صابر پانیزئی

January 24, 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)اسلامی جمعیت طلبہ کے صوبائی ناظم صابر پانیزئی نے کہا ہے کہ تنظیم کی مثبت سر گرمیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،رکن اسمبلی نصر اللہ خان زیرے کی جانب سے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پیش کی گئی قرارداد حقائق کے برعکس ہے ، قرار داد کی آڑ میں حقائق کو چھپانے کی نا کام کو شش کی گئی ، وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو بلوچستان یونیورسٹی کے لاپتہ طلباء کی رپورٹ طلب کرکے مذکورہ طلباء کو منظر عام پر لائیں ۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو دیگر رہنمائوں کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ حقائق کے برعکس قرارداد پیش کرنا نامناسب ہے ، رکن اسمبلی نصر اللہ خان زیرے بلوچستان کے تعلیمی اداروں سے متعلق بھی قراردا د اسمبلی اجلاس میں پیش کریں ، انہوں نے کہاکہ پشتون قوم کے نام پر وو ٹ حاصل کرکے قوم کو 70 سال پیچھے دھکیلنے والے اس طرح اپنی سیاست کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینی کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں ، انہوں نے کہا کہ بلو چستان کی جامعات اور کالجز کو ناچ گانے اور ڈھول باجے کے مراکز میں تبدیل کردیا گیا ہے ،سابق وائس چانسلر جامعہ بلوچستان کو انہی قوم پرستوں نے توسیع دی جن کے دور میں بڑا اسکینڈل سامنے آیا تھا انہوں نے کہا کہ قوم پرستی کو بنیاد بناکر اب قوم کو مزید بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اپنے دور حکومت میں تعلیمی ایمرجنسی کے نام پر تعلیمی اداروں کا بیڑہ غرق کرنے والے کس منہ سے اسلامی جمعیت طلبہ کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں۔