کوئٹہ(این این آئی) صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس سابقہ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ضلع کیچ کے علاقے الندور، بلیدہ میں بی ایل اے کی جانب سے ایک 12 سالہ بچے کے اغوا اور ایک گھر میں گھس کر خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ اس واقعے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ بچوں سمیت تین دیگر افراد زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کی فریادی خاتون آج ہر بلوچ سے اپیل کر رہی ہے کہ وہ اس کے لیے آواز اٹھائے اور انصاف کا مطالبہ کرے، لیکن افسوس کہ وہ بلوچ جو ناروے، کینیڈا، نیدرلینڈز، برطانیہ اور امریکہ میں سیاسی پناہ لے کر رہتے ہیں اور اقوام متحدہ کے سامنے پلے کارڈز اٹھا کر خود کو بلوچ حقوق کی آواز قرار دیتے ہوئے پروپگننڈہ کرتے ہیں وہ ان بے گناہ خواتین اور بچوں کے لیے مکمل خاموش ہیں۔ بی ایل اے کی جانب سے کی جانے والی اس بربریت کے خلاف کیوں یہ گروہ بات نہیں کرتے ؟ انہوں نے کہا کہ انسانی جان، خواتین اور بچوں کے حقوق کے لیے بلاامتیاز آواز اٹھائی جائے۔ کسی بھی شر پسند مسلح گروہ کی جانب سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا قابلِ قبول نہیں ہونا چاہیے۔