ڈائریکٹوریٹ افسران نجی اداروں کو بغیراتھارٹی کے سپر وائزکرنے لگے ہیں، سلیم خان

January 24, 2022

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک خیبر پختونخوا کے صدر سلیم خان نے کہا ہے کہ نجی سکولزریگولیٹری اتھارٹی (پی ایس آراے) بغیرممبران کے گزشتہ ایک سا ل سے عضومعطل بن کررہ گئی ہےاتھارٹی کے چارممبران کے انتخابات التواء میں ڈال کرڈائریکٹوریٹ کے افسران اپنی مرضی کے مطابق نجی اداروں کو بغیراتھارٹی کے سپر وائزکرنے لگے ہیں جس کے خلاف نجی شعبے نے پی ایس آراے کے ساتھ رجسٹریشن وتجدیدسے بائیکاٹ کااصولی فیصلہ کیاہے۔ایک بیان میں سلیم خان نے کہا ہے کہ قانون کے مطابق اتھارٹی کے 14 ممبران ہوتے ہیں جن میں تین والدین اور چار نجی سکولوں کے نمائندے بھی ہوتے ہیں جنہیں بذریعہ الیکشن منتخب کیا جاتا ہے، اتھارٹی کے قانون کے مطابق تمام اختیار 14 ممبر بورڈ کے پاس ہوگا اور ڈائریکٹوریٹ اس کے فیصلوں کا پابند اور ان پر عمل درامد کروائے گا۔ پہلے سال الیکشن کر کے نجی اداروں کے ممبران منتخب کئے گئے لیکن اس کے باوجود اتھارٹی کے فیصلوں کو پس پشت ڈال کر ڈائریکٹوریٹ کے افسران اپنی من مانی اور خواہشات کے مطابق کام چلاتے رہے۔ اتھارٹی کے ممبران کی مدت پوری ہونے پر بغیر کسی نوٹیفکیشن کے کاموں کو ادھورا چھوڑ کر پی ایس ار اے کو تحلیل کیا گیا اتھارٹی کا بجٹ بغیر منظوری کےخرچ کیا جارہا ہے ،فیصلے کئے اور معاملات نمٹا رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ،وزیر تعلیم اور چیف سیکرٹری سے غیرقانونی فیصلوں کانوٹس لینے کی اپیل کی اورمطالبہ کیاکہ اتھارٹی کو اپنے قانون کے مطابق چلایا جائے بصورت دیگرباقی تنظیموں کیساتھ مشاورت کرکے سکولوں کی رجسٹریشن اورتجدیدکاعمل سے بائیکاٹ کیا جائے گا۔