• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جناح کالج خواتین میں بزمِ اردو ادب کی سالانہ تقریب کا انعقاد

پشاور (سٹاف رپورٹر)جناح کالج برائے خواتین میں گزشتہ روز بزمِ اردو ادب کے زیرِ اہتمام سالانہ ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف موضوعات پر تقریری مقابلوں کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروقار تقریب کی مہمانِ خصوصی معروف ادبی شخصیت بشریٰ فرخ تھیں، جو پچیس کتابوں کی مصنفہ ہیں اور اپنی فنی و ادبی خدمات کے اعتراف میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ حاصل کر چکی ہیں۔تقریب میں بزمِ ادب کی انچارج ڈاکٹر سعدیہ خالد کی قیادت میں طالبات نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی گئی۔ تقریری مقابلے میں 16 طالبات نے حصہ لیا، جن میں اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو سرٹیفکیٹس اور کتابوں کے تحائف دیے گئے۔پروگرام میں علامہ اقبال کی مشہور نظم شکوہ کی دلکش پیشکش کی گئی جبکہ معروف ڈرامہ انارکلی کی جھلکیاں بھی پیش کی گئیں، جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔مہمانِ خصوصی بشریٰ فرخ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کامیاب طالبات کو مبارکباد دی، مقابلے میں حصہ لینے والی تمام طالبات کے ذوق و شوق کو سراہا اور شاندار پروگرام کے انعقاد پر منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا۔آخر میں کالج کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر گلناز بانو نے بشریٰ فرخ کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور بزمِ اردو ادب کی پوری ٹیم کو کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی۔
پشاور سے مزید