پشاور(این این آئی)انصاف لائرز فورم پشاور کے صدرمبشر منظور نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، مبشر منظور نے اپنا استعفی انصاف لائرز فورم کے ریجنل صدر کو ارسال کر دیا ، مبشر منظورکے مطابق مجھے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل انعام کی جانب سے نازیبا، توہین آمیز اور دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا،انعام کی جانب سے استعمال کی گئی زبان صدر کے عہدے، پوری کابینہ اور انسانی وقار کی توہین ہے،کسی آئینی منصب پر فائز شخص کی جانب سے تضحیک آمیز زبان پیشہ ورانہ اخلاقیات اور ادارہ جاتی اقدار کے خلاف ہے،انصاف لائرز فورم ضلع پشاور کی کابینہ کے اعلان کے فورا بعد تنظیم کو کمزور کرنے کی بیرونی مداخلت کا سامنا کرنا پڑا، مبشر منظور کا کہنا تھا کہ بعض افراد نے اپنے سرکاری عہدوں کو ذاتی مفادات کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی،میں اور میری کابینہ نے تمام رکاوٹوں کے باوجود انصاف لائرز فورم کو فعال اور منظم رکھنے کی کوشش جاری رکھی، میں عہدہ چھوڑ رہا ہوں کیونکہ میں ایسے رویے کو قبول نہیں کر سکتا،میرا استعفیٰ احتجاج ہے مگر انصاف لائرز فورم اور پارٹی سے وابستگی برقرار رہے گی۔