نااہل سلیکٹڈ حکومت نے ملک و قوم کو تباہی سے دو چار کردیا ہے،ارباب فاروق

January 24, 2022

پشاور( سٹاف رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنماءارباب فاروق جان نے کہا ہے کہ کپتان اور ان کی نااہل سلیکٹڈ حکومت نے ملک و قوم کو تباہی سے دو چار کردیا ہے، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی سے عوام کا برا حال ہے، غربت و افلاس کے باعث لوگ خودکشی پر مجبور ہیں لیکن نااہل حکمرانوں کو کوئی پروا ہی نہیں مگر اب بہت جلد عوام کو کپتان اور ان کی سلیکٹڈ حکومت سے چھٹکارا ملنے والا ہے۔ وہ اپنی رہائشگاہ بیت النصر میں جے یو آئی کے کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے، ارباب فاروق جان نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی پارلیمانی اجلاس میں وفاقی وزیر پرویز خٹک کی جانب سے خیبر پختونخوا میں گیس اور بجلی لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر وزیر اعظم کو کھری کھری سنانا اور ایم این اے نور عالم خان کے پارٹی قائدین پر الزامات اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومتی نمائندے اپنی ہی حکومت کی غلط پالیسیوں سے تنگ آچکے ہیں یہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف کے درجنوں ارکان پارلیمنٹ اپوزیشن جماعتوں کیساتھ رابطے میں ہیں جو مناسب موقع پر اڑان بھریں گے، انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کیلئے جمعیت علمائے اسلام کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، اس مرتبہ بھی جے یو آئی کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔