زرعی یونیورسٹی پشاور میں 4روزہ انٹرنیشنل کانفرنس اختتام پذیر

January 24, 2022

پشاور( جنگ نیوز) شعبہ پلانٹ پروٹیکشن، فیکلٹی آف کراپ پروٹیکشن سائنسز، زرعی یونیورسٹی پشاور کے زیر اہتمام 4 روزہ انٹرنیشنل کانفرنس اختتام پذیر ہوگیا۔اختتامی تقریب کی صدارت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت کررہے تھے جبکہ چیئرمین پاکستان سائنس فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر شاہد محمود بیگ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جنہوں نے پوسٹر پریزنٹیشن میں پہلی تین پوزیشنیں حاصل کرنے والوں کو نقد انعامات دئیے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہاں بخت نے ترکی کے پروفیسر عمر سوہا اسلو، دوسرے غیر ملکی سائنسدانوں کو شیلڈز پیش کئے اور کانفرنس میں شرکت کرنے پر ملک کے مختلف صوبوں سے آنے والے پروفیسرز، محققین، سائنسدانوں اور طلباء میں تعریفی اسناد تقسیم کئے۔ تقریب میں عبدالوالی خان یونیورسٹی مردان کے پروفیسر و ڈائریکٹر اوریک ڈاکٹر فرمان علی نے بھی پروفیسر ڈاکٹر عمر سوہا کو شیلڈ پیش کیا جنہوں نے موسمیاتی تبدیلی اور پودوں کے تحفظ پر لیکچر دیا۔کانفرنس کے چیف آرگنائزر پروفیسر ڈاکٹر شاہ عالم خان نے بین الاقوامی کانفرنس کے نتائج اور فوائد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریب ماحولیاتی تبدیلیوں اور ماحولیات پر پڑنے والے اثرات کے مستقبل کے چیلنجوں کی منصوبہ بندی کرنے اور ان کا مقابلہ کرنے میں گارگر ثابت ہوتی ہیں۔ یہ کانفرنس پائیدار پودوں کے تحفظ کی حکمت عملی کے ذریعے خوراک کی حفاظت کا آغاز ہے، فوڈ اینڈ ایگریکلچرل آرگنائزیشن نے تخمینہ لگایا ہے کہ کیڑوں مکوڑوں اور بیماریوں کی وجہ سے 20 سے 40 فیصد فصلوں کی پیداوار ضائع ہوتی ہیں جس کی وجہ سے ان فصلوں کو تقریباً 220 بلین ڈالر کا سالانہ نقصان ہوتا ہے۔ لہذا پائیدار حکمت عملیوں کے ذریعے ان کیڑے مکوڑوں اور بیماریوں پر قابو پاکر اربوں ڈالر بچائے جاسکتے ہیں.کانفرنس میں شریک پلانٹ پروٹیکشن اور بائیوٹیکنالوجی کے سائنسدانوں، پروفیسرز اور طلباء نے پودوں اور غذائیت سے بھر پور خوراک کی پائیدار تحفظ کی پہلوؤں پر 100 سے زیادہ مقالے پیش کئے. اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف کراپ پروٹیکشن سائنسز پروفیسر ڈاکٹر احمد الرحمن سلجوقی، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف بائیوٹکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر اقبال منیر، ڈائریکٹر کلائمٹ چینج سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ہمایون خان، ڈاکٹر بشیر احمد، ڈاکٹر آفاق احمد، ڈاکٹر ارشد خان، ڈاکٹر توحید اقبال، ڈاکٹر عباد اللّٰہ، ڈاکٹر ظل ہما، ڈاکٹر جنید، ڈاکٹر جواد سمیت کثیر تعداد میں فیکلٹی اور طلباء نے شرکت کی۔