کابینہ کی سطح پر کرپشن سے متعلق نظریہ بدل گیا، فواد چودھری

January 26, 2022

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کوئی نہیں کہہ رہا کہ پاکستان میں ہر سطح پر کرپشن ختم ہوئی ہے لیکن پہلی بار کابینہ کی سطح پر کرپشن سے متعلق نظریہ بدل گیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ علیم خان اور سبطین خان پر الزام لگا تو انھوں نے مستعفی ہوکر اپنا کیس لڑا۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ مالی کرپشن سے متعلق نہیں، مسئلہ رول آف لاء کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا کیس روزانہ چلنا چاہیے، جہانگیر ترین کا کیس مختلف ہے۔

قبل ازیں کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فواد چودھری نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے اسکور سے متعلق وضاحت دی تھی اور کہا کہ وجہ کرپشن نہیں ہے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ٹرانسپیرنسی کا اسکور مالی کرپشن کی وجہ سے نہیں، اسٹیٹ کیپچر اور قانون کی حکمرانی پر کم ہوا ہے۔