موجودہ پرفتن دور میں اپنے عقائد پر کاربند رہا جائے، پیر حبیب الرحمٰن محبوبی، بریڈفورڈ میں گیارہویں کی تقریب

January 26, 2022

بریڈفورڈ (نمائندہ جنگ ) الجامعہ صفۃ الاسلام بریڈفورڈ کے امیر آستانہ عالیہ فیض پور شریف کےسجادہ نشین فضیلت شیخ پیر محمد حبیب الرحمٰن محبوبی نے کہا کہ میڈیا کے اس پر فتن دور میں ہمیں ان عقائد پر کاربند اور اعتدال پیدا کرنے کی ضرورت ہے جو صدیوں سے ہمارے اکابرین اور بزرگوں نے اپنی تعلیمات میں ہم تک پہنچائے، آج پوری دنیا حضرت غوث اعظم رحمتہ اللہ علیہ کے نام پر گیارہویں شریف کی صورت میں نیاز دیتے ہیں اور کھاتے بھی ہیں، ہمیں ان کی تعلیمات پر بھی عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے ،صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنھم کے بارے میں ہمارا وہی عقیدہ ہے جو ہمارے بزرگوں اور اسلاف کا صدیوں سے رہاہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے الجامعہ صفتہ الاسلام بریڈفورڈ میں جلسے سے صدارتی خطاب کرتے ہوئےکیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ صدیق اکبر رضی اللہ تعالی عنہ ہو بلا شبہ افضل وبشر بعد الانبیاء ہیں، قرآن کریم نے آپکو”ثانی اثنین“ کہا تو یہ بے موقع و بے محل نہ کہا، واقعی آپ حضورﷺ کے ایسے ثانی تھے، جن کاثالث اللہ تعالیٰ کی ذات خود ہے، جب تاجدار انبیاءﷺ نے اعلان نبوت فرمایا اور لوگوں کو دین اسلام کی نصرت و حمایت کی طرف بلایا تو سب سے پہلے اس دعوت پر لبیک کہنے والے سیدنا ابو بکر رضی اللہ عنہ ہی تھے، پھر سفر ہو یا حضر، امن ہو یا جنگ، محب و محبوب پہ ہمیشہ ”ثانی اثنین “کا ہی جلوہ نظر آ رہا ہے،حضور پاک کی اس دنیا سے ظاہری پردہ پوشی کے وقت جب تمام صحابہ کرام غم سے نڈھال تھے، حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہی وہ واحد ہستی تھی، جنہوں نے اس وقت امت کو سنبھالا ،سیدناصدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ نے حضور صلی اللہ و علیہ وسلم کا آخری دیدار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیاتھا کہ یا رسول اللہ ایک موت آچکی ہے مگر آپ کے مشن کی موت کبھی نہیں آنے دوں گا، آج بلا شبہ دین اسلام سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے عظیم کارناموں اور قربانیوں ہی سے زندہ جاوید ہے، سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ عشقِ مصطفی ﷺ میں وہ مقام رکھتے ہیں کہ اولین و آخرین میں کوئی بھی اس مقا م تک نہ پہنچ سکا ،انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے اندر اتحادو اتفاق پیدا کریں، بزرگان دین کی تعلیمات جس میں امن ، محبت اور رواداری کا درس دیا اس پر عمل پیرا ہواجائے ،ماہانہ گیارہویں شریف کی تقریب میں علماء اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،تقریب کے آخرمیں درود سلام کے نذرانے اور امت مسلمہ کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔