نبی کریم ﷺکے بعد صدیق اکبرؓ نے شجر اسلام کی آبیاری کی، عمر توحیدی

January 26, 2022

اولڈہم(پ ر) پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمد عمر توحیدی نے کہا ہے کہ بعد از انبیاء علیہم السلام افضل ترین ہستی،وصی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم، مامور امامت، خلیفہ اول بلا فصل، جانشین مصطفٰی، سیدنا امام ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد صدیق اکبر نے شجر اسلام کی آبیاری کی اور اس کے لئے جو اصول مرتب فرمائے بعد میں آنے والے خلفاء نے انہی کے نقش قدم پر خلافت کے فرائض سرانجام دیئے۔قصر امت کی پہلی اینٹ کا نام صدیق اکبر ہے، مردوں میں مسلمانوں کی گنتی آپ رضی اللہ عنہ سے شروع ہوتی ہے۔22جمادی الثانی یوم وفات امام صدیق اکبر کے حوالے سے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عمر توحیدی نے کہا کہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے تینتالیس سال جمال نبوت کا بڑے قریب سے مشاہدہ کیا۔ارشاد نبوی ہے کہ ابوبکر سے افضل کسی اور شخص نے انبیاء و مرسلین اور صاحب یٰسین کی مصاحبت اختیار نہیں کی۔ انھوں نے کہا کہ ہجرت کے موقع پر رفاقت کے لئے اللہ کے حکم سے حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے آپ کو ساتھ لیا اور غار ثور میں اپنے ساتھ اللہ تعالٰی کی معیت میں جمع فرمایا، یہی وجہ ہے کہ آپ رضی اللہ عنہ کی صحابیت قرآن کی نص قطعی سے ثابت ہے اور جو شخص ان کے صحابی رسول ہونے کا انکاری ہے وہ قرآن کی نص کا منکر اور دائرہ اسلام سے خارج ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سب سے پہلے آپ نے تصدیق کی اور امت میں پہلےصدیق کہلائے،اس لئے آپ کو صدیق اکبر کہا جاتا ہے۔ قرآن کریم کو سب سے پہلے کتابی صورت میں جمع کرنا آپ کا شاندار کارنامہ ہے جس کی وجہ سے امت مسلمہ آپ کو جامع القرآن کہتی ہے۔اللہ نے آپ کو حضور علیہ السلام کا رفیق غار و مزار بنایا اور حوض کوثر پر بھی آپ رسول اللہ کے ساتھ ہوں گے۔