وحید مراد کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئےتقریب

January 26, 2022

لندن (جنگ نیوز) پاکستان ہائی کمیشن لندن نے 21 جنوری 2022 کو پاکستانی فلمی شخصیت وحید مراد کی زندگی اور کام کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیےثقافتی شامٍ کے نام سے ایک تقریب کا اہتمام کیا ۔ تقریب کا اہتمام ورلڈ کانگریس آف اوورسیز پاکستانیز اور سرچ پیس فاؤنڈیشن کے اشتراک سے پاکستان کی 75ویں سالگرہ کی تقریب کے ایک حصے کے طور پر کیا گیا جس میں برطانوی پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ہائی کمشنر معظم احمد خان نےاپنی اہلیہ لینا سلیم معظم کے ہمراہ مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور پاکستانی سینما کے سنہرے دور کی اپنی یادیں بتائیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے کہا کہ ہائی کمیشن مستقبل بھی مزید ثقافتی تقریبات کا انعقاد کرے گا تاکہ تارکین وطن کو پاکستان اور اس کے بھرپور ثقافتی ورثے سے جوڑا جا سکے۔ مقامی گلوکاروں نے وحید مراد کی فلموں کے گانے گا کر سامعین کے دل موہ لیے۔ حاضرین نے وحید مراد اور ان کی فلموں کے ساتھ اپنی وابستگی کو بھی یاد کیا اورپاکستانی سنیما کی ترقی میں ان کے تعاون پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر لندن کے مشہور مادام تساؤ میں وحید مراد کے مجسمے کی تنصیب کے لیے آن لائن پٹیشن کا بھی آغاز کیا گیا۔ وحید مراد کی برٹش پاکستانی پرستار ایستھر داس نے تقریب کی نظامت کی۔