کشمیریوں نے بھارتی یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منایا، راجہ نجابت

January 27, 2022

برمنگھم(نمائندہ جنگ) چئیرمین جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مقیم کشمیریوںنے26 جنوری کو بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پرمنایا اور بھارت کے غیر قانونی قبضہ کے خلاف پر امن احتجاج کیا۔ انھوں نے کہا کہ جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث بھارت کو سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ کرنے کا کوئی حق نہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ بھارتی فوجیوں نے 25جنوری 1990 کو ہندواڑہ قصبے میں اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر کم از کم 26پرامن مظاہرین کو گولیاں مار کر شہید اور سینکڑوں کو زخمی کر دیا تھا۔انھوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی کیلئے کوششیں مزید تیز کرنی چاہئیں۔دنیا کے تمام امن پسند ملکوں کو بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنا ہو گا۔بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے اندر جاری ظلم وستم کا بازار دن بدن بڑھتا ہی جا رہا ہے، ہم سب کو مل کر مقبوضہ جموں وکشمیر کے اندر مظالم کو رکوانے کے لئے اپنی آواز بلند کرنا ہو گی۔مقبوضہ جموں وکشمیر کے اندر انٹرنیٹ سروس معطل ہے، سرچ آپریشن اور محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے، بھارت مسلسل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کرنے کے بعد بھارتی فوج کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بڑے پیمانے پر تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔ بھارتی فوج نے کشمیریوں کے خلاف دہشتگردی کا راج قائم کر رکھا ہے ،قتل عام، گمشدگی، تشدد اور چھیڑ چھاڑ معمول کا حصہ بن چکا ہے۔ ان شاء اللہ وہ وقت قریب ہے جب مقبوضہ جموں وکشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا اور بھارت کو منہ کی کھانا پڑے گی۔