معاون خصوصی توانائی کی ہنگومیں تیل کے کنویں پر فائرنگ کی مذمت

January 28, 2022

پشاور(جنگ نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے توانائی و برقیات صاحبزادہ سعید احمد نے ہنگو کے علاقے آدم بانڈہ میں نجی کمپنی کے تیل کے کنویں پر مسلح افراد کی فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات اور شر پسند صوبے کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ صاحبزادہ سعید احمد کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اس افسوس ناک واقعے کا نوٹس لے چکے ہیں اور پولیس کو کمپنی کے مغوی سپروائزر کی بازیابی کیلئے بروقت اقدامات کی ہدایت بھی کی ہے۔ معاون خصوصی برائے توانائی و برقیات صاحبزادہ سعید احمد نے کہا کہ صوبے میں کام کرنے والے تیل و گیس کمپنیوں کی سیکورٹی بہتر بنانے کیلئے بنیادی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کا بہتر مستقبل تیل اور گیس کمپنیوں سے وابستہ ہے صوبے کے عوام سے ہماری اپیل ہے کہ تیل اور گیس کمپنیوں سے ہر ممکن تعاون کریں تاکہ ایسے واقعات اور عناصر کی حوصلہ شکنی ہو سکیں ۔