پشاور (نیوز رپورٹر) اپنی ماں کو قتل کرنے کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر ملزم امتیاز کو سزائے موت سنا دی، جبکہ مقدمے میں نامزد اس کے ساتھی ملزم طاہر کی مسلسل روپوشی پر اسے اشتہاری قرار دیتے ہوئے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ استغاثہ کے مطابق واقعہ 1اگست 2023کو تھانہ انقلاب کی حدود میں پیش آیا، جہاں ملزم امتیاز نے رقم دینے سے انکار پر اپنی والدہ کو قتل کردیا تھا۔ پراسیکیوشن کے مطابق ملزم نے اپنے ساتھی طاہر کے ساتھ مل کر اپنی ماں پر چھریوں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئیں اور بعد ازاں جانبر نہ ہوسکیں۔مقدمے کی سماعت کے دوران پراسیکیوشن نے عدالت کے سامنے شواہد اور گواہان پیش کیے اور مؤقف اختیار کیا کہ ملزم امتیاز نے رقم کے معاملے پر اپنی والدہ کو ساتھی ملزم طاہر کے ہمراہ قتل کیا۔ استغاثہ کی جانب سے پیش کیے گئے شواہد اور گواہان کی روشنی میں عدالت نے ملزم کو جرم کا مرتکب قرار دے دیا۔عدالت نے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم امتیاز کو قتل کا جرم ثابت ہونے پر سزائے موت کا حکم دے دیا۔