پشاور (لیڈی رپورٹر)سابق صوبائی وزیر و رکن صوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا ظاہر شاہ طورو نے ویلج کونسل باگو بانڈہ میں منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے 27ستمبر عمران خان رہائی مارچ کے حوالے سے کارکنان اور عوام کو متحرک کرنے، آئندہ کے لائحہ عمل اور بھرپور شرکت کے حوالے سے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی اور ان کے آئینی و قانونی حقوق کیلئے پرامن اور جمہوری جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ویلج کونسل کی تاریخ میں مواصلات کے شعبے میں سب سے زیادہ ترقیاتی کام ان کے دور میں ہوئے، جبکہ مختلف مساجد کی سولرائزیشن، بجلی کے کھمبوں اور ٹرانسفارمرز کی تنصیب سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی متعدد منصوبے مکمل کیے گئے۔ عوامی خدمت اور علاقے کی ترقی ان کی ترجیحات میں شامل رہی ہے اور دستیاب وسائل میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی گئی۔