عراق، بغداد ائیرپورٹ پر راکٹوں سے حملہ، طیارے کو نقصان

January 29, 2022

بغداد (اے ایف پی )عراق کے دارالحکومت بغداد کے ہوائی اڈے پر چھ راکٹ فائر کیے گئے جس سے ایئرپورٹ پر کھڑے طیارے کو نقصان پہنچا لیکن کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ اے ایف پی کے مطابق وزارت داخلہ کے ایک ذرائع نے بتایا کہ راکٹ سے بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رن وے یا پارکنگ ایریاز کو نشانہ بنایا گیا جس میں شہری طیارے کو نقصان پہنچا۔فوری طور پر کسی نے بھی حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔ایک دوسرے سیکورٹی ذرائع نے تصدیق کی کہ حملہ 6راکٹوں پر مشتمل تھا جو ہوائی اڈے پر شہری تنصیبات کے قریب گرے جس سے طیارے کو نقصان پہنچا جبکہ تیسرے ذرائع نے طیارے کی شناخت سرکاری ملکیت کے حامل عراقی ایئرویز سے تعلق رکھنے والے بوئنگ 767 کے طور پر کی۔عراقی ایئرویز نے اپنے سوشل میڈیا پیجز پر حملے سے ہونے والے نقصان کی تصاویر پوسٹ کیں جس میں طیارے کے اگلے حصے میں ایک سوراخ دیکھا جا سکتا ہے جو کہ حملے کے وقت قابل استعمال نہیں تھا اور ایئر لائن نے کہا ہے کہ حملے سے کوئی پرواز متاثر نہیں ہوئی۔