سندھ حکومت اور جماعت اسلامی کامعاہدہ سیاسی مک مکا ہے، پی ٹی آئی

January 29, 2022

کراچی (این این آئی)سندھ حکومت اور جماعتِ اسلامی کے درمیان بلدیاتی بل پر معاہدے کا معاملہ پر تحریک انصاف نے معاہدے کو دونوں جماعتوں کا سیاسی ڈھونگ و مک مکا قراردیدیا۔

تحریک انصاف کراچی کے صدر بلال غفار نے بلدیاتی بل کے معاہدے سے متعلق اپنے اہم بیان میں کہا ہے کہ کالے قانون میں دکھاوے کی ترمیم،جعلی خوشیاں جماعتِ اسلامی کو مبارک ہوں۔ بلال غفار نے کہا کہ چند اداروں پر مئیر کا برائے نام اختیارہونا خود مئیر کی توہین ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کا سندھ حکومت سے معاہدہ پی پی کی ’بی ٹیم‘ ہونے کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی قانون سے متعلق تحریک انصاف کا موقف شروع دن سے واضح ہے۔

آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی نظام کی تمام نگرانی و اختیار مقامی حکومتوں کو دی گئی ہے۔ تحریک انصاف نے مئیر کیلئے معاشی اختیار کی بات کی ہے۔