اسٹریٹ کرائمز کے جن بوتل میں کون بند کرے گا

May 15, 2022

ترجمان کراچی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک ماہ کے دوران شہر میں اسٹریٹ کرائمزکی وارداتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ماہ رمضان میں کراچی پولیس نے انسداد جرائم میں بھرپور کارروائیاں کیں، جس کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں، جب کہ عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ مشکوک افراد اور سرگرمیوں کی اطلاع فوری مددگار 15 پردیں۔ عوام کے جان و مال کی حفاظت کراچی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

اس کے برعکس دوسری جانب عام شہریوں خصوصا دن دہاڑے مسلسل بےلگام ڈاکوؤں کے ہاتھوں قیمتی اشیا سے محروم ہونے اور ذرا سی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی گولیوں کا نشانہ بن کرزخمی ہوجانے والوں کے اہل خانہ اور جانوں کی بازی ہارنےوالوں کے ورثا نے اسے یکسر مسترد کرتے ہو ئے اسے عداد شمار کا گورکھ دھندہ قرار دیا ہے۔

2 مئی کو ضلع کورنگی میں نوجوان 17سالہ حافظ قرآن جس نے 3دن پہلے قسطوں پر لیے گئے موبائل فون کوبچانے کے لیے ڈاکوؤں سےمزاحمت کی اور ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 20 منٹ تک سٹرک پر تڑپتا رہا اور کسی نےاس کی مدد نہ کی، جس کےنتیجے میں زیادہ خون بہہ جانے سے ابدی نیند سوگیا۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا اسی طرح قیمتی معصوم جانیں ڈاکوؤں کی بھینٹ چڑھتی رہیں گی اور پولیس اپنی نوکریاں بچانےکے لیے کب تک ’’سب اچھاہے‘‘ کا راگ الاپتے رہیں گے،جب کہ حقیقت یہ ہےکہ 26اپریل کو نیو کراچی میں لُوٹ مارکے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ کی زد میں آکرکمسن 8 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا، بچےکی میت گھر پہنچنے پر علاقہ مکین اور رشتے دار اشکبار نظر آئے۔

10 اپریل کوسرجانی ٹاون تھانے کی حدود سیکٹر5 سریاملزکے قریب مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے40 سالہ محمد معصب ولد نعیم جاں بحق ہو گیا، جب کہ 24اپریل کوگلشن معمار تھانے کی حدود سیکٹر 6 فیض عام اسپتال کے قریب واقع ہوٹل میں موت سے 4روز قبل جیکب آباد سے اپنے بہنوئی کے پاس کراچی میں حصول روزگار کےلیے آنے والے21 سالہ نوجوان سمیع اللہ ولد محمد بخش کو اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کردیا اور فرار ہو گئے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی مزاحمت اور دشمنی کی بناءہونے والی فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہوئے۔

گلشن اقبال پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے پہلے مقتول کو سرپر ایک گولی ماری، بعدازاں یکے بعد دیگرے 7 گولیاں مزید ماریں،مقتول اسی ہوٹل پر کام کرتا تھا اور ہوٹل پر بیٹھا ہوا تھا کہ قتل کردیا گیا۔ 21اپریل کوپاپوش نگر تھانے کی حدود ناظم آباد سیکٹر 5 ذکیہ مسجد کے قریب مکان نمبر 8/15کے قریب ڈاکوؤں نےلُوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے30سالہ سید احمد علی ولد سید احسن علی کی جان لے لی اور بآسانی فرار بھی ہوگئے۔

سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود خدا کی بستی میں واقع سریا شاپ میں مسلح ملزمان نے لُوٹ مار کے دواران مزاحمت کرنے پر باپ کے سامنے جوان بیٹے کو قتل اور باپ کو شدید زخمی کر دیا۔ ملزمان لُوٹ مار کے بعد و فرار ہونے لگے، اس دوران دکان کا مالک اور اس کا بیٹا بھی دکان سے باہر آگئے، جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 20سالہ عباس ولد شہزاد جاں بحق، جب کہ اس کا والد 50 سالہ شہزاد شدید زخمی ہوگیا۔ واقعہ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کام یاب ہوگئے، پولیس کے تاحال واقعے کی روایتی طور صرف تفتیش تک ہی محدود ہے۔

گلشن معمار تھانے کی حدود انڈاگوٹھ کریم شاہ درگاہ کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر گولی ما رکر45 سالہ ولی محمد ولد عبدالمجید کو زخمی کردیا اورفرار ہو گئے ۔ ادھر سعودآباد تھانے کی حدود ملیر سعودآباد چورنگی کے قریب مسلح ملزمان نے ڈکیتی مزاحمت پرفائرنگ کرکے 20 سالہ عباد ولد عبدالرحیم کو زخمی کردیا۔ ڈاکس تھانے کی حدود فشری کالا پانی کے قریب لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے 42سالہ ظفر عباس ولد غلام محمد زخمی ہوگیا ، فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے لگے، تو وہاں موجود افراد نے ایک ملزم عبدالرحمان کو پکڑ کر بدترین تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔

نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے سیکٹر12 سی میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے ثنا اللہ ولد جمن زخمی۔ ڈاکوؤں کے گڑھ ضلع کورنگی میں ملزمان نے ڈکیتی مزاحمت پر کار پر فائرنگ سے اقرا نامی خاتون گولی لگنے سے زخمی ہو گئی ،گولی کار کےدروازے سے پار ہوکر خاتون اقرا کو لگی ملزمان فرار ہونے میں کام یاب ہو گئے۔ عوامی کالونی تھانے کی حدود کورنگی سیکٹر 28 ٹرپل اے ڈائن فیکٹری کے قریب مسلح موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے مزاحمت پر ضعیف العمر 60 سالہ فیکٹری کے چوکیدار محمد رمضان کو فائرنگ کر کے زخمی کردیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جس وقت فائرنگ کا وقوعہ پیش آیا، سیکیورٹی گارڈ بھی موجود تھا ، لیکن اس نے کوئی جوابی کارروائی نہیں کی۔ کورنگی سیکٹر 34 میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 15سالہ محمد حمزہ زخی ہوگیا۔ مسلح ڈاکو لانڈھی چھوٹی مارکیٹ کےمارٹ کےکیش کاونٹر سے ہزاروں روپے اور یہاں موجود خریداروں سے موبائل فونز ور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔14اپریل کوگلستان جوہر بلاک 14جوہر چورنگی کے قریب مسلح ڈاکوشہری سے 9 لاکھ روپے لوٹ کر فرا ہو گئے۔

18اپریل کو ڈیفنس تھانے کی حدود اسٹریٹ نمبر 4اے ایریا قیوم آباد میں مسلح ملزمان نے ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے43 سالہ یونس ولد شاہ میرکو زخمی کر دیااور فرار ہو گئے۔ گلستان جوہر تھانے کی حدود گلستان جوہر بلاک 9 امام بارگاہ حسینی کے قریب ڈاکوؤں نے ڈکیتی میں مزاحمت پر گولی مار کر اختر علی ولد افسرعلی کو زخمی کردیا۔ اس طرح کے درجنوں واقعات رونما ہوئے، لیکن اب اسٹریٹ کرائمز کے جن کو بوتل میں بند کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔