فرنٹیئرفاؤنڈیشن کے زیراہتمام تیراہ اور لنڈیکوتل میں بلڈ ڈونیشن کیمپ

May 15, 2022

پشاور(جنگ نیوز) فرنٹیئرفاوئڈیشن ہیماٹالوجی سنٹر کے زیراہتمام پیرمیلہ تیراہ، تیراہ میدان بازار اور ولی خیل لنڈیکوتل میں بلڈ ڈونیشن کیمپ لگائے، اس دوران عوام خصوصاًنوجوانوں نے بلڈکیمپ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے تھیلی سیمیا ، ہیموفیلیا اور دیگر امراض خون میں مبتلا بچوں کیلئے خون کے عطیات دیئے، فرنٹیئرفاؤنڈیشن کی ٹیم جس میں پی آر او نصراللہ ،میڈیکل ٹیکنیشن محمد الیاس ، اکرام اللہ ،عثمان علی شاہ، منظور خان شامل تھے کو صدر تیراہ بازار شیر محمد، جنرل سیکرٹری خانم اللہ اور دیگر عمائدین کا تعاون حاصل رہا، دریں اثناءچیئرمین فرنٹیئرفاؤنڈیشن صاحبزادہ محمد حلیم نے خون عطیہ کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بلڈ ڈونرز کی بدولت امراض خون میں مبتلا ننھے بچوں کی زندگی کی شمع روشن ہے، اگر ہم اسی طرح ان معصوم بچوں کیلئے خون کے عطیات دیتے رہیں تو نہ صرف ان بچوں کو بروقت خون دستیاب ہوگا بلکہ ان کے والدین کو بھی درپیش مشکلات میںکمی واقع ہوگی۔