پشاور(نیوزرپورٹر) پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسداللہ اور جسٹس انعام اللہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے 15 کلو گرام چرس سمگل کرنے کے مقدمہ میں عمرقید کی سزا پانے والے ملزم کی اپیل خارج کردی اے این ایف کی جانب سے کیس کی پیروی پراسیکیوٹر محمد خالد اور عبدالحنان نے کی۔ دوران سماعت ملزم کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ ملزم بشارت حسین کو اے این ایف نے 15 کلو منشیات سملگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا ماتحت عدالت نے ملزم کو عمرقید کی سزا دی ہے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اس کے موکل پر لگائے گئے الزامات میں کوئی صداقت نہیں اس کے خلاف پیش کئے شواہد میں تضاد ہے عدالت نے ناکافی ثبوت کے باوجود اس کو عمر قید کی سزا سنائی ہے انہوں نے عدالت سے ملزم کی سزاکالعدم قرار دینے کی استدعا کی۔ دوسری جانب اے این ایف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود ہیں اور ٹھوس شواہد اور الزام ثابت ہونے کے بعد ماتحت عدالت نے عمر قید کی سزاسنائی ہے ایسے لوگ معاشرے کےلئے ناسور ہیں لہذا ملزم کی سزا کے خلاف اپیل خارج کی جائے عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر ملزم کی سزا کے خلاف اپیل خارج کرتے ہوئے سزا کو برقرار رکھا ۔