عمران خان اقتدار سے محروم ہونے پر فساد پھیلا رہے ہیں، امیر مقام

May 16, 2022

پشاور(نمائندہ جنگ )پا کستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ عمران خان اقتدار سے محروم ہونے پر فساد پھیلا رہے ہیں ، پی ٹی آئی چوروں ، لٹیروں کا ٹولہ بن گئی ، وزیراعظم کی سرپرستی میں کرپشن کی گئی ، میاں محمد نواز شریف کی طرف سے ملک کو سنوارنا گیا ،خدمت و شرافت کی سیاست کا بول بالا کیا گیا جبکہ عمران نیازی کے دور میں ملک کو تباہی سے دو چار کیا گیا ملک کو معاشی غلامی کی زنجیروں میں جکڑا گیا ،پی ٹی آئی کے لئے فنڈنگ کرنے اور دھرنوں کے اخراجات برداشت کرنے والوں کو لوٹ مار اور عوام کی چمڑی اتارنے کی کھلی چھٹی دینے سے ملک بدترین معاشی بحران سے دو چار ہوا۔ جنگ سے گفتگو کر تے انہوں نے کہا کہ سابق وزرا کی طرف سے کرپشن کی انتہا کر دی گئی تھی۔ اقتدار میں آکر پی ٹی آئی چوروں کو لٹیروں کا ٹولہ بن گئی تھی پی ٹی آئی کے کارکنوں اور نوجوانوں کو نظر انداز کر دیا گیا تھا ۔ عمران نیازی کی فرنٹ لیڈی فرخ گوگی کو لوٹ مار کی کھلی چھٹی دے دی گئی تھی ۔ پی ٹی آئی حکومت ختم ہو نے پر مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور شکرانہ کے نوافل ادا کئے گئے۔ چوروں و لٹیروں کو دوبارہ اقتدار میں آنے کے لئے نہ تو عوام سڑکوں پر نکلیں گے اور نہ ہی پی ٹی آئی کے کارکن قربانی کا بکرا بنیں گے۔2014کے دھرنوں کی طرح2022 کا دھرنا بھی ناکام ہو گا اورمحاذ آرائی کی سیاست بہت جلد دم توڑ جائیگی۔ اداروں کو بھی نشانہ بنا یاجا رہاہے۔