شہری 2گاڑیوں ، 15موٹر سائیکلوں سے محروم ، کروڑوں کا چونا لگانے پر مقدمہ درج

May 16, 2022

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری 15موٹر سائیکل، ایک رکشے، طلائی زیورات، موبائل فونز، نقدی اور دیگر اشیاء سے محروم ہو گئے۔ وفاقی دارالحکومت میں ڈیرھ درجن وارداتوں میں شہریوں کو لاکھوں کی نقدی، زیورات، موبائل فونز اور دیگر سامان سمیت 2گاڑیوں اور 8موٹر سائیکلوں سے محروم کر دیا گیا، تھانہ صدر بیرونی کے علاقہ اشرف کالونی سے اے ایس آئی محمد وقاص نے آتش بازی اور ہوائی فائرنگ پر وحید عباسی اور محمد اعجاز کو گرفتار کیا۔ دولہا عطاء عباسی‘ وحید عباسی‘ محمد اعجاز‘ محمد منصور‘ واجد محمود‘ جعفر عباسی‘ اورنگزیب اور اسامہ سمیت دیگر مزاحمت سے چھڑا لے گئے۔ ڈھوک کشمیریاں میں دو عورتیں گھر سے اڑھائی لاکھ کے زیورات لے اڑیں۔ اسی طرح تھانہ پیرودھائی‘ بنی‘ نصیر آباد‘ سول لائن‘ وارث خان‘ صادق آباد‘ ائرپورٹ‘ مورگاہ کے علاقوں میں وارداتیں ہوئیں۔ دریں اثناء تھانہ کھنہ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر شاہد کی درخواست پر سی ڈی اے کے ٹیوب ویلوں سے سامان چوری کرنیوالا ملزم نعمت اللہ رنگے ہاتھوں گرفتار ہو گیا۔ تھانہ لوئی بھیر پولیس نے بھاری منافع کا لالچ دیکر 3شہریوں کو تین کروڑ 35لاکھ کا چونا لگانے پر ارسلان حمید کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تھانہ شہزاد ٹائون کو یاسین نے بتایا اباسین ہاسٹل کے تالے ٹوٹ گئے۔ تھانہ آئی نائن کے علاقہ میں حسنین اور غلام مرتضیٰ نے سرکاری اہلکار بن کر نوجوان کو لوٹ لیا گیا۔ تھانہ بھارہ کہو کے علاقہ سے نصیر‘ گولڑہ سے دانش کی گاڑیاں چوری ہو گئیں۔ تھانہ آبپارہ سے سعید‘ سبزی منڈی سے اسد‘ بھارہ کہو سے یاسین‘ مارگلہ سے حیات اللہ‘ کراچی کمپنی سے راشد‘ عبدالباسط‘ کورال سے پرویز‘ آئی نائن سے عثمان کے موٹر سائیکل چوری ہو گئے۔ تھانہ آبپارہ‘ ترنول‘ لوئی بھیر‘ سبزی منڈی‘ نون‘ کورال‘ شالیمار میں دیگر وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔