• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعلیمی بورڈ راولپنڈی کا انٹرمیڈیٹ دوسرا سالانہ 2025 کے نتائج کا اعلان

راولپنڈی ( ناصر چشتی ،خصوصی نمائندہ)تعلیمی بورڈ راولپنڈی نے امتحان انٹرمیڈیٹ دوسرا سالانہ 2025 کے نتائج کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ نتائج کے موقع پر کمشنر راولپنڈی ڈویژن و چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ امتحانات میں میرٹ اور شفافیت پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شفاف، منصفانہ اور غیر جانبدار امتحانی نظام کا قیام ان کی اولین ترجیح ہے۔انجینئر عامر خٹک نے مزید کہا کہ جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ امتحان میٹرک پہلا سالانہ 2026 کو زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت منعقد کروایا جائے گا، تاکہ نقل اور دیگر بے ضابطگیوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امتحان انٹرمیڈیٹ دوسرا سالانہ 2025 میں مجموعی طور پر 19,992 امیدواران نے داخلہ جمع کرایا، جن میں سے 19,782 امیدواران امتحان میں شریک ہوئے۔ ان میں 6,311 امیدوار کامیاب قرار پائے، جس کے نتیجے میں کامیابی کا تناسب 31.9 فیصد رہا، جبکہ 13,414 امیدوار ناکام رہے۔ مزید برآں 201 امیدوار امتحان میں غیر حاضر رہے جبکہ 9 داخلہ فارم مختلف وجوہات کی بنیاد پر منسوخ کیے گئے۔تنویر اصغر اعوان نے کہا کہ امتحانی عمل جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے مکمل کیا گیا اور نتائج کی تیاری میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا، کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کی کوئی گنجائش نہیں چھوڑی گئی۔ انہوں نے کامیاب امیدواران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ناکام امیدوار مایوس نہ ہوں بلکہ مزید محنت، لگن اور مستقل مزاجی کے ساتھ مستقبل میں اپنی کامیابی کو یقینی بنائیں۔
اسلام آباد سے مزید