حکومت کا این ایچ ایس (ڈاکٹری نسخہ) کی قیمت آئندہ ایک برس کیلئے منجمد رکھنے کا اعلان

May 17, 2022

لندن (جنگ نیوز) حکومت نے این ایچ ایس پر سکرپشن (ڈاکٹری نسخہ) کی قیمت کو انگلینڈ میں آئندہ ایک برس کے لیے منجمد رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ12برس میں پہلی مرتبہ مہنگائی کے تناسب سے نسخہ کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔ نسخہ کی اس وقت قیمت9پائونڈ35پنس ہے۔ ہیلتھ سیکرٹری ساجد جاوید نے کہا ہے کہ نسخہ کی قیمت منجمد رکھنے کا مطلب ہے کہ حکومت عوام کی جیبوں میں پیسے واپس ڈال رہی ہے۔ نسخہ کی قیمت کم رکھنے کے لیے مہم چلانے والوں نے حکومتی اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ90فیصد نسخے پہلے ہی مفت ہیں۔ انگلینڈ میں جو لوگ مفت ڈاکٹری نسخہ کے حق دار ہیں ان میں سرکاری بینیفٹ لینے والے، حاملہ خواتین، نئی مائیں، ایسے افراد جو چند خاص بیماریوں میں مبتلا ہیں، 60برس سے زائد،16برس سے کم عمر کے لوگ شامل ہیں۔ ملک کے دیگر حصوں ویلز، اسکاٹ لینڈ اور ناردرن آئر لنڈ میں نسخہ مفت ہے۔ ڈپارٹمنٹ فار ہیلتھ اینڈ سوشل کیئر کے مطابق نسخہ کی قیمت اپریل 2023ء تک نہیں بڑھے گی جس سے مجموعی طور پر مریض17ملین پائونڈ کی بچت کرسکیں گے۔ منجمد قیمتوں کا اطلاق تین ماہ والے پری پیمنٹ سرٹیفکیٹ سالانہ سرٹیفکیٹ پر بھی ہوگا۔ جن کی قیمتیں بالترتیب 30پائونڈ 25پنس اور 108پائونڈ 10پنس ہیں۔ یہ اعلان وزیراعظم بورس جانسن کی وزراء کو اس ہدایت کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے ہدایت کی تھی کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ واضح رہے کہ حکومت نے حال ہی میں یہ تجویز بھی پیش کی تھی کہ مفت نسخہ کے لیے 60 برس کی عمر کی حد ختم کرے 66برس کردی جائے لیکن ڈپارٹمنٹ فار ہیلتھ اینڈ سوشل کیئر نے اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔